راولپنڈی: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کو شکست دے کر فائنل جیت لیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ کرکٹ میچ میں جس دن پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی، میرے لیے اسی دن پاکستان فائنل جیت چکا تھا، میری دعائیں تمام پاکستانی کرکٹ کے کھلاڑیوں کے لیے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اپنی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان سے پہلے دن سے مذاکرات کا حامی تھا اور حکومت کے درمیان جو معاہدہ ہوا ہے، وہ بہت جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ جوائنٹ سیشن اگر آگے چلا گیا ہے تو کوئی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ آئندہ ماہ کابل میں سردی بڑھ جائے گی اور ہم نہیں چاہتے کہ مسلمان ہونے کے ناطے کسی پڑوسی کو تکلیف میں تنہا چھوڑیں۔ وہاں بچے بھوک سے مررہے ہیں اور اگر کسی مسلمان کے پڑوس میں بچے بھوک سے مریں تو مسلمان سو نہیں سکتا۔ ان کی مدد کرنا ہوگی ورنہ افغانستان کے اثرات براہ راست پاکستان پر پڑیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں رواں ماہ رنگ روڈ، نالہ لئی ایکسپریس وے شروع کرنے کے ساتھ ماں بچہ ہسپتال کی تکمیل ہوگی جس کے بعد شہر بھر میں آتشبازی اورچراغاں کیا جائے گا۔ راولپنڈی کی عوام کے لیے قبرستان کی ایک ہزار کنال اراضی مختص کی گئی اور جلد قبضہ حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی تمام ڈھوک میں بچیوں کے لیے کالج بنائے، شہر میں تین یونیورسٹیاں بنائیں کیونکہ اس شہر کی بچی پڑھی لکھی ہوگی تو قبضہ گروپوں اور منشیات فروشوں کا مکمل صفایا ہو جائے گا۔