ویب ڈیسک: ہانگ کانگ کے مشہور اداکار اور ایکشن ہیرو جیکی چن کی موت کی افواہیں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر پھیل گئیں، جس سے ان کے مداحوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
فیس بک پر ایک اکاؤنٹ Stories About US نے جھوٹی خبر شیئر کی کہ جیکی چن انتقال کر گئے ہیں، اور ساتھ ہی ان کی اسپتال میں لیٹی ہوئی تصویر بھی پوسٹ کی گئی، جس نے اس افواہ کو مزید تقویت دی۔
تاہم، جیکی چن کے خاندان یا ترجمان نے ایسی کسی خبر کی تصدیق نہیں کی، اور اس بات کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس جعلی خبر پر غصے کا اظہار کیا، ایک صارف نے کہا، "فیس بک ہر بار جیکی چن کو کیوں مارنے پر تُلا رہتا ہے؟" جبکہ دوسرے نے کہا، " جیکی چن زندہ ہیں، فیس بک کی ہر بات پر یقین نہ کریں۔"
یہ پہلی بار نہیں جب جیکی چن کی موت کی افواہیں پھیل رہی ہیں، اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ ایسی جھوٹی خبریں وائرل ہو چکی ہیں۔
یاد رہے کہ جیکی چن کی تازہ ترین فلم The Shadow’s Edge اگست 2025 میں ریلیز ہوئی تھی اور یہ فلم چین کے باکس آفس پر پہلے نمبر پر رہی تھی۔