ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ میں جوا ایپ کی تشہیر کے معاملے میں یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں جسٹس فاروق حیدر نے کیس سننے سے معذرت کر لی۔
تفصیلات کے مطابق، جسٹس فاروق حیدر نے کیس کسی دوسرے بینچ کے پاس منتقل کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی۔ این سی سی آئی اے کے اہلکار نے عدالت کے سامنے کیس کا تفصیلی ریکارڈ پیش کیا، جبکہ درخواست میں این سی سی آئی اے کے علاوہ دیگر اداروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
ڈکی بھائی کی جانب سے ایڈووکیٹ عمران چدھڑ عدالت میں پیش ہوئے۔ سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی نے جوئے کی ایپ کی تشہیر کے مقدمے میں ضمانت دائر کر رکھی ہے۔
درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کو بیرون ملک روانگی کے دوران این سی سی آئی اے نے ائیرپورٹ سے گرفتار کیا، اور این سی سی آئی اے نے کبھی نوٹس بھجوا کر ان کو طلب نہیں کیا۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ جسمانی ریمانڈ پر ڈکی بھائی دس دن تک این سی سی آئی اے کی تحویل میں رہے۔