ٹک ٹاکرشمسو بی بی کا لرزہ خیز قتل، والد اور بھائی کے ملوث ہونے کا انکشاف

ٹک ٹاکرشمسو بی بی کا لرزہ خیز قتل، والد اور بھائی کے ملوث ہونے کا انکشاف
کیپشن: ٹک ٹاکرشمسو بی بی کا لرزہ خیز قتل، والد اور بھائی کے ملوث ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک: راولپنڈی پولیس نے ٹیکسلا میں   ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقتولہ کے والد، بھائی اور دیگر رشتہ دار مبینہ طور پر قتل میں ملوث ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب کے مطابق پولیس نے کیس میں 5 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں مقتولہ کے والد فضل، بھائی بشیر، چچازاد بھائی احسان، والد کے چچا روزی خان اور چچازاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ایک گرفتار ملزم نے اعتراف جرم بھی کیا ہے جبکہ مبینہ طور پر دونوں شوٹرز بھی گرفتار ہوچکے ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ اہل خانہ مقتولہ کی سوشل میڈیا پر بنائی جانے والی ویڈیوز کو پسند نہیں کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی گئی کہ الزام کسی دوسرے شخص پر عائد کیا جاسکے، جبکہ مقتولہ کے والد نے قتل کے بعد خود مقدمے میں مدعی کا کردار ادا کیا۔

پولیس کے مطابق سی پی او راولپنڈی کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ملک طارق محبوب نے بتایا کہ مقتولہ خیبرپختونخوا سے اسلام آباد منتقل ہوئی تھیں۔ کچھ عرصہ قبل ایک شادی کی تقریب میں ان کی شرکت پر بھی اعتراض کیا گیا تھا، جبکہ پولیس کے مطابق اس سے قبل ہری پور میں بھی ان پر حملے کی کوشش کی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

Watch Live Public News