سیلاب متاثرین کی 2کشتیاں الٹ گئیں،بہاولنگرمیں بچہ جاں بحق

سیلاب متاثرین کی 2کشتیاں الٹ گئیں،بہاولنگرمیں بچہ جاں بحق
کیپشن: سیلاب متاثرین کی 2کشتیاں الٹ گئیں،بہاولنگرمیں بچہ جاں بحق

ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث کئی افسوسناک حادثات پیش آئے، درجنوں افراد زندگی کے خطرے سے دوچار ہوئے جبکہ زرعی معیشت کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔

جلالپور پیر والا: کشتی الٹنے کا حادثہ
ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا میں سیلاب متاثرین کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔
کشتی میں 19 افراد سوار تھے جن میں سے 18 کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔
یہ حادثہ اوباڑو کے قریب جنوبی قائد ملت سکول کے پاس پیش آیا۔

علی پور میں کشتی الٹنے کا دوسرا واقعہ
مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے لتی ماڑی میں بھی سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی۔
کشتی میں 10 سے زائد افراد سوار تھے، خوش قسمتی سے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔

بہاولنگر: 12 سالہ بچہ ڈوب گیا
دریائے ستلج میں بستی کلر والی کے مقام پر 12 سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

لیاقت پور نوروالا میں سیلاب کی تباہی
رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور نوروالا میں کئی دہائیوں بعد دریائے چناب واپس آیا جس سے افراتفری پھیل گئی۔
انتظامیہ کے مطابق ہزاروں افراد کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

ہیڈ پنجند پر اونچے درجے کا سیلاب
دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح 6 لاکھ 68 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی، جو سمکہ چاچڑاں کی جانب بڑھ رہی ہے۔
اسی طرح دریائے سندھ میں تونسہ بیراج سے 2 لاکھ کیوسک کا ریلا اور دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر ایک لاکھ 82 ہزار کیوسک کا ریلا بہہ رہا ہے۔

زرعی معیشت کو بھاری نقصان
سیلاب سے پنجاب میں 21 لاکھ 25 ہزار 838 ایکڑ زرعی رقبہ متاثر ہوا۔

کپاس: 1 لاکھ 10 ہزار 850 ایکڑ تباہ
چاول: 9 لاکھ 70 ہزار 929 ایکڑ زیر آب
مکئی: 1 لاکھ 86 ہزار 419 ایکڑ متاثر
گنا: 2 لاکھ 20 ہزار 344 ایکڑ تباہ
چارہ: 4 لاکھ 500 ایکڑ متاثر
سبزیاں: 1 لاکھ 15 ہزار 260 ایکڑ تباہ
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرین کی فوری مدد کی جارہی ہے اور اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔

Watch Live Public News