اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ سال کی حل شدہ 15 لاکھ شکایات میں سے شہریوں کی دوبارہ شکایات پر 2 لاکھ اڑتیس ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم جاری کردیا۔ شکایات کو نظر ثانی کے لئے مجاز اعلیٰ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی سطح پر نظر ثانی کی نگرانی متعلقہ چیف سیکرٹری اور آئی جی کریں۔ وفاقی سطح پر متعلقہ وزارت کے سیکرٹری شکایات پر نظر ثانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ وزیراعظم نے وفاقی اداروں کی کل ایک لاکھ سات ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ صوبائی سطح پر 80 ہزار شکایات حکومت پنجاب کے ماتحت اداروں کی ہیں۔ وزیراعظم آفس سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا کے ماتحت اداروں کی 27 ہزار شکایات کو کھولا جائے گا اور صوبہ سندھ کی 15 ہزار، بلوچستان کی 3 ہزار، آزاد کشمیر کی گیارہ سو شکایات پر نظرثانی ہوگی۔ گلگت بلتستان میں 400 شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا۔ شکایات میونسپل سروسز، بجلی و گیس، مواصلات اور شعبہ تعلیم سے متعلق ہیں۔ وزیراعظم آفس کی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ شکایات پر نظر ثانی کرکے متعلقہ اعلیٰ افسران رپورٹ جمع کروائیں۔