ویب ڈیسک: نمیبیا کرکٹ ٹیم کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے بھارت کے خلاف شیڈول میچ سے قبل رات کے وقت ٹریننگ کا موقع نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ایراسمس کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ رات میں کھیلا جائے گا، اس لیے ان کی ٹیم کو فلڈ لائٹس میں پریکٹس کی ضرورت تھی، تاہم انہیں نائٹ ٹریننگ کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق نمیبیا میں فلڈ لائٹس سے آراستہ گراؤنڈز کی تعداد کم ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کے لیے اس ماحول سے ہم آہنگ ہونا ایک چیلنج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیم کے چند کھلاڑی نیپال پریمیئر لیگ، آئی ایل ٹی20 اور ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس میں شرکت کرچکے ہیں، تاہم زیادہ تر کھلاڑیوں کو فلڈ لائٹس میں باقاعدہ کھیلنے اور ٹریننگ کا محدود تجربہ ہے۔
نمیبیا کے کپتان نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ بھارت کو دو نائٹ ٹریننگ سیشنز ملے ہیں جبکہ کینیڈا کی ٹیم بھی رات میں پریکٹس کرے گی، لیکن انہیں بھارت کے خلاف میچ سے قبل ایسا کوئی موقع فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس فیصلے کی وجہ معلوم نہیں، تاہم ٹیم مکمل تیاری اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی اور بھرپور مقابلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ بھارت اور نمیبیا کے درمیان میچ آج شام 6 بجکر 30 منٹ پر دہلی میں کھیلا جائے گا۔