ویب ڈیسک: پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، تاہم حتمی ڈیزائن کی منظوری کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن نے بتایا کہ نئی کرنسی میں جدید سکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے، تاہم ابھی تک نوٹوں کے حتمی ڈیزائن کی منظوری نہیں ہوئی۔ حکام کے مطابق، جیسے ہی اسٹیٹ بینک کو وفاقی حکومت کی طرف سے منظوری ملے گی، نئی کرنسی کی چھپائی کا عمل شروع کر دیا جائے گا، جس میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا۔ جدید مشینری اس مقصد کے لیے پہلے ہی دستیاب ہے۔
سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر عامر شمس نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔ نئی کرنسی کے ڈیزائن کی تیاری مرحلہ وار کی جائے گی، یا تمام مالیت کے نوٹ ایک ساتھ متعارف کرائے جائیں گے، اس حوالے سے فیصلہ اسٹیٹ بینک میں زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا باضابطہ آرڈر دیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر کے حکومت کو ارسال کر دیے ہیں، اور توقع کی جارہی ہے کہ 2026 کے آخری مہینوں میں نئے ڈیزائن والی کرنسی کا اجرا ممکن ہو سکے گا۔