ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ فٹبال کے افتتاحی میچ میں میکسیکو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 0-2 سے شکست دی۔
جنوبی افریقین کھلاڑیوں نے کھیل کے دوران انتہائی رف کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر ریفری نے دو کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کیا، جس کے بعد جنوبی افریقہ بقیہ میچ صرف 9 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل سکی۔ کھیل کے آخری لمحات میں میکسیکو کے ایک کھلاڑی کو بھی ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کا پہلا گول میکسیکو کے جولین کوئنونز نے کھیل کے 9 ویں منٹ میں اسکور کیا، جس سے انہوں نے اس 23 ویں ورلڈ کپ کا پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میکسیکو کا دوسرا گول 67 ویں منٹ میں راول جیمنز نے کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران مشہور گلوکار شکیرا اور برنا بوائے نے ورلڈ کپ کا آفیشل نغمہ "ڈائی ڈائی" پیش کیا۔ شکیرا کی انٹری سے قبل روایتی رقص کے ذریعے میکسیکو میں ٹورنامنٹ کا خوش آمدیدی پیغام دیا گیا۔ میکسیکن بینڈ مانا، وینزویلا کے ڈینی اوشین اور جے بالوین نے بھی تقریب میں پرفارم کیا۔
دیگر مشترکہ میزبان ممالک کینیڈا اور امریکا میں ٹورنامنٹ کی افتتاحی میچز بالترتیب جمعہ اور ہفتے کو کھیلیں جائیں گی، جن سے قبل دونوں ممالک میں بھی شاندار افتتاحی تقریبات منعقد ہوں گی۔
میکسیکو میں افتتاحی میچ کے موقع پر اسٹیڈیم میں 24 ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے، جنہوں نے میچ اور افتتاحی تقریب کا بھرپور لطف اٹھایا۔