امریکی نائب صدرجےڈی وینس جلد بھارت کا دورہ کریں گے

امریکی نائب صدرجےڈی وینس جلد بھارت کا دورہ کریں گے
کیپشن: امریکی نائب صدرجےڈی وینس جلد بھارت کا دورہ کریں گے

ویب ڈیسک: امریکی روزنامے پولیٹیکو کے مطابق امریکی نائب صدر  جے ڈی وینس خاتون ثانی اوشا وینس کے ہمراہ بھارت کا دورہ کریں گے۔

یہ دورہ وینس کا نائب صدر کے طور پر دوسرا غیر ملکی دورہ ہو گا۔ جبکہ اوشا وینس امریکا کی خاتون ثانی کے طور پر اپنے آبائی ملک کا پہلا دورہ کریں گی۔ وینس اس سے قبل امریکی نائب صدر کے طور پر گزشتہ ماہ فرانس اور جرمنی کا دورہ کر چکے ہیں۔پیرس میں ایک میٹنگ کے دوران، وینس اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے باہمی مفادات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ جس میں صاف اور "قابل اعتماد" نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے ساتھ بھارت کی توانائی کے تنوع کے لیے امریکی حمایت پر خصوصی توجہ دی گئی تھی۔

میٹنگ کے بعد، مودی، وینس اور اوشا وینس نے ایک ساتھ کافی بھی پی تھی۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ مودی نے وینس کے بچوں کو تحائف دیئے اور ان کے بیٹے وویک کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔

اوشا وینس، جن کے والدین بھارت سے ہجرت کر کے امریکا گئے تھے، پہلی بار امریکا کی خاتون ثانی کے طور پر اپنے آبائی ملک کا دورہ کریں گی۔ ییل سے گریجویٹ وکیل، اوشا وینس، امریکا کی پہلی بھارتی نژاد خاتون ثانی ہیں۔ ان کی جڑیں آندھرا پردیش میں موجود ہیں۔ ان کے والدین 1986 میں امریکا گئے تھے۔

امریکی نائب صدر وینس کا بھارت کا ممکنہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر ٹیرف کی تلوار لٹک رہی ہے۔

Watch Live Public News