(ویب ڈیسک )گوگل نے اپنے موبائل پیمنٹ سسٹم گوگل والٹ (جسے گوگل پے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کو پاکستان میں متعارف کرا دیا ہے۔
یہ ایک ایسا ڈیجیٹل والٹ ہے جو صارف کو اپنے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات محفوظ طریقے سے اسٹور کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے،جس سے وہ اپنے اینڈرائیڈ فونز سے براہ راست ادائیگیاں بھی کرسکتے ہیں
اس کا استعمال انتہائی آسان ہے۔اس کو استعمال کرنے کیلئے اینڈرائیڈ فون پر گوگل پلے اسٹور سے گوگل والٹ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
اگر آپ کا ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ پہلے سے گوگل اکاؤنٹ سے منسلک ہے تو وہ خودکار طور پر گوگل والٹ پر نظر آنے لگے گا۔اس کے بعد اسکرین پر نظر آنے والی ہدایات پر عمل کرکے کانٹیکٹ لیس پیمنٹس کے لیے اپنا اکاؤنٹ تشکیل دیں۔
تاہم اگر آپ کا ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ پہلے سے گوگل اکاؤنٹ سے منسلک نہیں تو والٹ ایپ اوپن کرنے کے بعد ایڈ کارڈ آپشن پر کلک کریں اور ہدایات و تصدیقی عمل کو مکمل کریں۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ہیڈ فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل پیمنٹس کا ارتقا بہت تیزی سے ہوا ہے اور گوگل والٹ محفوظ ادائیگیوں، خریداری اور سفر کے لیے مؤثر ٹول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے آپ کے لیے دکانوں میں ادائیگی کرنا آسان ہوگا جبکہ سفر کے دوران بورڈنگ پاس تک رسائی آسان ہو جائے گی۔
بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک، حبیب بینک، میزان بینک، یونائیٹڈ بینک اور جاز کیش کے صارفین اپنے کارڈز کو گوگل والٹ میں ایڈ کرسکیں گے۔
مزید برآں، الائیڈ بینک، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک، جے ایس بینک اور زندگی کے کارڈ ہولڈر جلد ہی گوگل والیٹ میں اپنے کارڈز شامل کر سکیں گے۔ گوگل والٹ کے ادائیگی کارڈز کا استعمال مرچنٹس کو آن لائن یا ان ایپ ادائیگی کے لیے کیا جا سکتا ہے۔
گوگل والٹ سروس کتنی محفوظ ہے؟
گوگل والٹ کریڈٹ یا ڈیبیٹ کارڈ کو استعمال کرنے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ سروس ہے۔کیونکہ اس کے ذریعے کی جانے والے پیمنٹس انکرپٹڈ ہوتی ہیں ، یعنی ہر خریداری پر سروس کی جانب سے ایک منفرد کوڈ استعمال کرکے پیمنٹ انفارمیشن بھیجی جاتی ہے۔
اگر کوئی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرلے تو بھی وہ اس کے کسی کام کا نہیں ہوتا کیونکہ اس میں ڈیبیٹ یا کریڈٹ کی تفصیلات موجود نہیں ہوتیں۔
اس کے ذریعے صارفین اپنے اسمارٹ فونز سے کانٹیکٹ لیس پیمنٹ کرسکتے ہیں یعنی اپنے ساتھ کارڈ رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے ان کے کھونے یا چوری ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہوتا۔