عمران خان کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی

عمران خان کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عمران خان کی تمام مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ سترہ مئی تک عمران خان کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔عدالت نے بدھ تک عمران خان کی گرفتاری روک دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ اس ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے، 9 مئی کو 2 کیسز میں ہائی کورٹ پیش ہونا تھا، عدالت نے پہلے بھی 2 مقدمات میں ضمانت کے کیسز کچہری کو نہیں بھجوائے، عدالت نے 2 مقدمات میں ضمانت کے کیسز اپنے پاس ہی رکھے، ایف 8 کچہری میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتِ حال کے باعث دونوں کیسز ہائی کورٹ میں ہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ اس کیس کو بھی ہائی کورٹ میں ہی سنا جائے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ یہ پولیس کیس ہے جس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا، ایک درخواست کل جلدی میں بھی دائر کی ہے، عمران خان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دیا، گرفتاری غیر قانونی قرار دیے جانے کے باوجود وہ اب بھی پولیس پروٹیکشن میں ہیں. انہوں‌نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتِ حال خراب تھی، آج ہمیں بھی کورٹ آنے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عمران خان کا گرفتاری کے بعد کسی سے کوئی رابطہ نہیں تھا، عمران خان نے سپریم کورٹ میں بھی بتایا کہ وہ ملکی حالات سے بے خبر تھے۔ جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ کیا پٹیشنر کی پالیسی ہے کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے؟ جس پر عمران خان کے وکیل بولے کہ جی! پٹیشنر نے سپریم کورٹ میں بھی تمام چیزیں واضح کر دی تھیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی کہ عدالت عمران خان کو کسی نامعلوم مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی جاری کرے۔ جسٹس میاں گل حسن نے پوچھا کہ اس احاطے سے جو غیر قانونی گرفتاری ہوئی کیا اس کا مقدمہ درج ہوا؟ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامان کی توڑ پھوڑ ہوئی۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ 17 مئی تک عمران خان کو کسی نئے مقدمہ میں گرفتار نہ کیا جائے۔عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان واضح ڈیکلریشن دیں کہ جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے یہ حکم بھی دیا کہ ریاست عمران خان کی سیکیورٹی یقینی بنائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی گرفتاری کے وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی چوری ہو گئی، کوئی نہیں تھا جو ان ٹھگوں کو روکتا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔