الیکشن کمیشن کا 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کروانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کروانے کا فیصلہ
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے ایک قومی اسمبلی اور3 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات 9 اکتوبر کو کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں ضمنی انتخابات منعقد کروانے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے این اے 157 ملتان مین 9 اکتوبر کو ضمنی الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاولنگر ، پی پی 209 خانیوال میں بھی 9 اکتوبر کو ضمنی الیکشن منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے 9حلقوں میں ضمنی انتخاب کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس 14ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو 9حلقوں سے متعلق ہائیکورٹ کا حکم نامہ حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ فیصلہ صرف درخواست گزار کی حد تک ہے، ہائیکورٹ نے 29جولائی کو ممبران کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا تھا۔ اجلاس کے دوران سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق سندھ حکومت سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔