ویب ڈیسک:لاہور میں سینئر صحافی محمد نواز رضا کی کتاب’مرد آہن محمد نواز شریف‘ کی تقریب رونمائی کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا ملکی معیشت کو استحکام دینے کے وزیراعظم، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور پورے ادارے کا اہم کردار ہے، کسی بھی سیاسی جماعت نے یہ نہیں کہا تھا کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے، کسی جماعت نے آج تک آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سازش کے ذریعے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی،پی ٹی آئی نے ملک اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا،پی ٹی آئی نے کردارکشی اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا،تبدیلی کا نعرہ لگا کرملک میں تباہی لائی گئی۔
نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنےوالوں نے12سال میں خیبر پختونخوا کو تباہ کردیا،پی ٹی آئی کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں،12سال میں کے پی میں ایک بھی پی کے ایل آئی جیسا ہسپتال نہ بن سکا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا تھا کہ کوئی بیرون ملک جائے تو اس کے پیچھے لوگ لگا دیے جائیں گے نعرے لگاؤ، اس ملک کے اندر جو نفرت پھیلائی گئی ہے، دفاعی اداروں پر جو حملے کئے گئے ہیں، آج ہماری خوش قسمتی کہ اُس شخص نے ہمیں نجات ملی، عالمی ادارے بھی آج ملکی معیشت میں بہتری کا اعتراف کرتے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خاندان نے ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دیا، نواز شریف نے ملک میں خدمت کی سیاست کا آغاز کیا، ملکی ترقی کے ہر منصوبے کی تختی پر نواز شریف کا نام لکھا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،وزیراعظم کی قیادت میں ملکی معیشت کو استحکام ملا۔
نواز شریف نے خطے میں سب سے پہلے موٹرویز متعارف کرائیں، نواز شریف نےملک میں رواداری کی سیاست کو پروان چڑھایا۔