ویب ڈیسک: قومی اسمبلی اجلاس کے دوران عام طور پر سیاسی ماحول گرم رہتا ہے اور اپوزیشن اور حکومتی ارکان ایک دوسرے پر تندوتیز جملوں کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں تاہم کبھی کبھار قومی اسمبلی میں ایسی دلچسپ صورتحال بھی بن جاتی ہے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی ارکان اسمبلی ہنسنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں بھی ایسی دلچسپ صورتحال تب دیکھنے میں آئی جب اپوزیشن رکن سہیل سلطان غلطی سےاپوزیشن لیڈر کی نشست پر بیٹھ گئے۔
اس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فوری چٹکلہ چھوڑتے ہوئے کہا نیا قائد حزب اختلاف مبارک۔
اسپیکر کے اظہار مزاح تہنیتی الفاظ پر اپوزیشن کے کان کھڑے ہوگئے۔ اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر اسمبلی اسد قیصر ہنسی روکنے میں ناکام رہے۔
اپوزیشن رکن سہیل سلطان کو غلطی کا احساس ہوا تو وہ اپنی نشست کی طرف لپک پڑے۔
اس پر اسپیکر اسمبلی نے ایک اور چٹکلہ چھوڑتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کا نام نہیں دیا اپوزیشن لیڈر کیلئے؟اس جملے پراپوزیشن و حکومتی ارکان اسمبلی میں مسکراہٹ کی لہر دوڑ گئی۔