ویب ڈیسک: بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے حکومت نے آن لائن e-Protector سروس متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے پروٹیکٹر رجسٹریشن کا مکمل عمل اب گھر بیٹھے آن لائن مکمل کیا جا سکے گا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس ڈیجیٹل نظام کے تحت درخواست گزار موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے رجسٹریشن کر سکیں گے، جس کے لیے پروٹیکٹر آفس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
حکام کے مطابق یہ نظام امیگریشن آرڈیننس 1979 اور متعلقہ قوانین کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد امیگریشن کے عمل کو جدید، آسان اور شفاف بنانا ہے۔
نئے نظام سے خصوصاً دور دراز علاقوں کے شہریوں کو طویل سفر، اضافی اخراجات اور دفتری پیچیدگیوں سے نجات ملے گی، جبکہ درخواستوں کا ریکارڈ بھی مؤثر انداز میں محفوظ رکھا جا سکے گا۔