ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور گرد و نواح میں کارروائیاں کر کے فتنہ الخوارج کے 21 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج خالد، مفتون، موسیٰ اور عمران کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اب تک 72 گھنٹوں میں آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 48 خوارج مارے گئے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے سرغنوں کا خاتمہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف اہم کامیابی ہے۔ صدرِ زرداری نے کہا ہے کہ قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب 4 خارجی سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، عزمِ استحکام کے وژن کے تحت بہادر سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔