کراچی: نیشنل گرڈ میں خرابی ہونے کے باعث کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوئی ہے جب کہ صوبہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کینپ نیوکلیئر پلانٹ کی بجلی بھی سسٹم سے نکل گئی ہے اور ملتان سے زیریں پنجاب میں بھی بجلی سسٹم سے نکل چکی ہے، نیشنل گرڈ میں خلل سے 6 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکلی ہے جس کی بحالی بارے آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے جہاں فیڈرل بی ایریا بلاک 13، 12، 11، لیاقت آباد سی ون ایریا، ، کھارادر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ملیر ہالٹ، ناظم آباد بلاک چار اور تین، کھارادر، اور رفاع عام میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔گلستان جوہر، راشد منہاس روڈ، گلشن جمال، ڈالمیا روڈ، گلشن اقبال، ڈیفنس ہاؤسنگ اور پی ای سی ایچ سوسائٹی میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔واپڈا کے ایگزیکٹو انجینئر کے مطابق بریک ڈاؤن سے سندھ بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے شہر بہاولنگر میں بھی بریک ڈاؤن کی وجہ سے ضلع بھر میں بجلی بند ہے جب کہ ملتان شہر کے بیشتر علاقوں میں بھی بجلی نہیں ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان کےبیشتر اضلاع میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے جس میں تقریباً 28 اضلاع بجلی سے محروم ہیں، کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بریک ڈاؤن سے بلوچستان کو 220 کے وی کے تین ذرائع سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔