ویب ڈیسک: میٹرک بورڈ کراچی میں خواتین افسران کو ہراساں کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق سیکریٹری میٹرک بورڈ ڈاکٹر نوید احمد کے خلاف ہراسانی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ میٹرک بورڈ کی کئی خواتین کی جانب سے چئیرمین کو تحریری طور پر شکایات جمع کروادی گئی ہیں۔
بورڈ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شواہد کے طور پر وائس ریکارڈنگ اور فون کالز کی ریکارڈنگ بھی فراہم کی گئیں۔ ایک سے زائد بورڈ کی خواتین نے چئیرمین میٹرک بورڈ کو شکایت جمع کروائیں۔
شکایت کنندگان نے سابق سیکریٹری ڈاکٹر نوید کےخلاف محکمہ جاتی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
چئیرمین ثانوی تعلیمی بورڈ غلام حسین سوہونے تحقیقات کیلئے خط جاری کردیا۔ ہراسمنٹ ایٹ ورک پلیس ایکٹ کے تحت سابق سیکریٹری کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کردیے گئے۔ چئیرمین میٹرک بورڈ نے سابق سیکریٹری کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔ قائمقام ناظم امتحانات حمزہ خان تگڑ کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔
بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائیر سیکنڈری اسکول کی خاتون پرنسپل بھی انکوائری میں بطور رکن شامل ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ خاتون افسر کو دوستی اور تعلق کیلئے مجبور کرنے کے شواہد بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے خواتین کو ہراساں کیا گیا۔انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔