ویب ڈیسک: نیویارک میں میئر کے عہدے کی دوڑ تیز ہوتی جارہی ہے اور ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نے اپنے جرات مندانہ مؤقف سے انتخابی مہم میں نئی ہلچل مچا دی ہے۔ زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ اگر وہ عوام کے ووٹوں سے نیویارک کے میئر منتخب ہوگئے تو پولیس کو واضح حکم جاری کریں گے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نیویارک کا دورہ کریں تو انہیں فوری طور پر گرفتار کرلیا جائے۔
ممدانی کے مطابق نیتن یاہو کی ممکنہ گرفتاری یہ ثابت کرے گی کہ نیویارک عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں پر عمل درآمد کرنے والا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں امن قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو استثنیٰ نہ دیا جائے، چاہے وہ کسی بھی عہدے پر کیوں نہ ہوں۔
امریکی سیاست میں اس بیان نے نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےامید ظاہر کی ہے کہ ممدانی یہ انتخاب جیت جائیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ عوام کی بڑھتی ہوئی بغاوت اور موجودہ حالات کے خلاف غصہ ممدانی کی کامیابی کی بنیاد بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک میئر کا الیکشن 4 نومبر کو شیڈول ہے۔ اس انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی کا مقابلہ ری پبلکن رہنما کرٹیس سیلوا، سابق گورنر اینڈریو کومو اور موجودہ میئر ایرک ایڈمز سے متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایرک ایڈمز انتخابی دوڑ سے دستبردار ہو سکتے ہیں، جس سے ممدانی کے حق میں سیاسی منظر نامہ مزید بدل سکتا ہے۔