پانچ گنابڑے دشمن کو شکست دی، اس لیے حقیقی یوم آزادی منا رہے ہیں،بیرسٹرگوہر

پانچ گنابڑے دشمن کو شکست دی، اس لیے حقیقی یوم آزادی منا رہے ہیں،بیرسٹرگوہر
کیپشن: پانچ گنابڑے دشمن کو شکست دی، اس لیے حقیقی یوم آزادی منا رہے ہیں،بیرسٹرگوہر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی عوام آج ایک حقیقی یوم آزادی منا رہے ہیں، کیونکہ ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر یہ دن حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک ایک مقصد کے تحت وجود میں آیا تھا، اور وہ مقصد اللہ کے قانون کا نفاذ، آئین کی سربلندی اور عوام کی آواز کو ایوانوں میں ترجیح دینا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پاکستان آزادی اس لیے حاصل کی گئی کہ یہاں عوامی رائے کا احترام ہو، ہر شہری کو برابری کا حق ملے، اور ملک میں ایسا نظام قائم ہو جو عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی کے بغیر کسی بھی قوم کی ترقی ممکن نہیں، اور ہماری جدوجہد اس اصول کی پاسداری کے لیے جاری رہے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق، آزادی کی اصل روح اسی وقت محسوس کی جا سکتی ہے جب ملک میں عدل و انصاف کا بول بالا ہو اور حکمران عوام کی آواز سننے کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آزادی کا حصول قربانیوں کا نتیجہ ہے، اور آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ ملکی ترقی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے متحد رہیں اور پاکستان کے مستقبل کو سنوارنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ خود احتسابی کا موقع بھی ہے، تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ ہم اپنے بانیانِ پاکستان کے خوابوں کو کس حد تک پورا کر سکے ہیں۔

Watch Live Public News