وزیراعظم نے نشان پاکستان اعزاز لینے سے معذرت کرلی

وزیراعظم نے نشان پاکستان اعزاز لینے سے معذرت کرلی
کیپشن: وزیراعظم نے نشان پاکستان اعزاز لینے سے معذرت کرلی

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر ایوان صدر میں ہونے والی پروقار تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔ تاہم اس موقع پر ایک اہم پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا نام " نشان پاکستان" کے لیے تجویز کیے جانے کے باوجود فہرست سے نکال دیا۔

ذرائع کے مطابق سول و ملٹری ایوارڈز کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کا نام نشان پاکستان کے لیے تجویز کیا تھا، مگر سمری ملنے پر وزیراعظم نے اپنا نام واپس لیتے ہوئے باقی تمام ناموں کی منظوری دے دی۔

تقریب میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، احسن اقبال، شیری رحمان، فیصل سبزواری، مصدق ملک، حنا ربانی کھر، طارق فاطمی اور خرم دستگیر خان سمیت دیگر شخصیات کو بھی اعلیٰ سول اعزازات دیے گئے۔

عسکری قیادت میں فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بھارت کے خلاف "معرکہ حق" میں مسلح افواج کی قیادت اور شاندار جنگی حکمت عملی پر ہلال جرات دیا گیا، جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر احمد سدھو کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

یہ تقریب نہ صرف اعزازات کی تقسیم کا موقع تھی بلکہ اس میں ملک کی سول و عسکری قیادت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

Watch Live Public News