پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے، وزیراعظم

پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے، وزیراعظم
کیپشن: پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ڈھائی سال کے دوران مشکل مراحل عبور کرتے ہوئے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کرلیا، جبکہ پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے پر وہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے تحریکِ آزادی کے قائدین اور کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت اور بزرگوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت آزاد مملکت کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ تحریکِ آزادی کے رہنماؤں کی سیاسی جدوجہد نے مسلمانانِ ہند کو آزاد وطن کے مقصد پر متحد کیا، جبکہ ہمارے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں اور صعوبتیں برداشت کرکے آزادی کی منزل حاصل کی۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان ایسی سرزمین ہے جہاں شہری آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار اور اپنی دینی و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں۔ آئین اور قوانین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب جاری ہے۔ حکومت نے ڈھائی سال میں مشکل مراحل عبور کرکے معیشت کو مستحکم کیا اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دشمن کے ہر وار کا مؤثر جواب دے کر مادرِ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔

وزیراعظم کے مطابق معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

Watch Live Public News