اظفر علی نے تیسری شادی  کو ’خوبصورت تجربہ‘ قرار دیدیا

اظفر علی نے تیسری شادی  کو ’خوبصورت تجربہ‘ قرار دیدیا
کیپشن: اظفر علی نے تیسری شادی  کو ’خوبصورت تجربہ‘ قرار دیدیا

ویب ڈیسک: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ برس اکتوبر میں تیسری شادی کرچکے ہیں۔

اظفر علی ’سب سیٹ ہے‘، ’شاہ رخ کی سالیاں‘ اور ’اب بجے گی شہنائی‘ سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، جبکہ انہوں نے مقبول پروگرام ’اظفر مانی شو‘ کی میزبانی بھی کی۔

اظفر علی کی پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی تھی، تاہم دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ بعد ازاں انہوں نے اداکارہ و میزبان نوین وقار سے دوسری شادی کی، تاہم یہ رشتہ بھی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا اور دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔

حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اظفر علی نے پہلی مرتبہ کیمرے کے سامنے اپنی تیسری شادی کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تیسری شادی گزشتہ سال اکتوبر میں ہوئی، جو ایک ارینج میرج ہے۔ اظفر علی نے اپنی شادی کو ’بہت خوبصورت تجربہ‘ قرار دیا۔

اداکار کے مطابق ان کی بہنیں انہیں شادی کے لیے قائل کرتی رہیں، کیونکہ وہ خود شادی میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ بعد ازاں ان کی بہن نے ان کے لیے رشتہ تلاش کیا۔ ان کی اہلیہ ردا دبئی میں مقیم تھیں اور وہاں شعبۂ انسانی وسائل (ایچ آر) کی سربراہ تھیں۔

اظفر علی نے بتایا کہ شادی سے قبل انہوں نے اپنی ہونے والی اہلیہ سے پاکستان منتقل ہونے کی درخواست کی، کیونکہ وہ دبئی میں مستقل رہائش اختیار نہیں کرسکتے تھے۔ دونوں کے درمیان تقریباً 6 ماہ تک بات چیت ہوئی، جس کے بعد اکتوبر 2025 میں ان کی شادی ہوگئی۔

اپنی شخصیت میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے اظفر علی نے کہا کہ ان کی دوسری طلاق کو 12 سال گزر چکے ہیں اور اس عرصے کے دوران زندگی کے مختلف تجربات نے انہیں بدل دیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ وہ زیادہ منکسرالمزاج ہوگئے ہیں اور اب رشتوں کو پہلے سے مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔

اظفر علی کے مطابق ماضی میں ان کی توجہ زیادہ تر کیریئر پر مرکوز تھی، تاہم اب وہ اپنی ذاتی زندگی کو بھی اہمیت دے رہے ہیں اور اپنی اہلیہ پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے بجائے رشتے کو باہمی سمجھ بوجھ کے ساتھ آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News