خیبرپختونخوا میں 10 ہزار معذور افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ دینے کا اعلان

خیبرپختونخوا میں 10 ہزار معذور افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ دینے کا اعلان
کیپشن: خیبرپختونخوا میں 10 ہزار معذور افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے معذور افراد کی مالی معاونت اور معاشی خودمختاری کے لیے مختلف فلاحی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا، جن میں احساس امید کارڈ، بلاسود قرضہ اسکیم اور احساس اسکالرشپ پروگرام شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر ملک لیاقت علی خان نے صوابی میں معذور افراد کے لیے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ احساس امید کارڈ پروگرام کے تحت 10 ہزار معذور افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے احساس امید کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ یتیموں اور بیواؤں کے لیے بھی اسی نوعیت کا کارڈ متعارف کرایا جارہا ہے، جس کے تحت اہل افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

مشیرِ سماجی بہبود کے مطابق 50 کروڑ روپے کی احساس قرض اسکیم بھی شروع کی گئی ہے، جس کے تحت معذور افراد کو کاروبار شروع کرنے اور مالی خودمختاری حاصل کرنے کے لیے آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معذور طلبہ کے لیے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے احساس اسکالرشپ پروگرام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

Watch Live Public News