ویب ڈیسک: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف اہم معرکے سے قبل اسپنر عثمان طارق کو ٹیم کا ’ٹرمپ کارڈ‘ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کامیابی کے لیے گرین شرٹس کو ہر شعبے میں معیاری کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کے لیے تمام کھلاڑی برابر اہمیت رکھتے ہیں، تاہم عثمان طارق ہمارے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر بات ہوتی رہی ہے لیکن وہ دو مرتبہ کلیئر ہو چکے ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ اب بھی یہ معاملہ کیوں اٹھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں کا عثمان طارق پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق ہے۔
قومی کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف ایک اور بڑا میچ سامنے ہے، ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور کھلاڑی مقامی کنڈیشنز اور پچ سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ممکنہ بارش اور اوورز کی کمی کی صورت میں بھی ٹیم نے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اسکواڈ کے تمام 15 کھلاڑی اہم ہیں اور پلیئنگ الیون کا فیصلہ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ انہوں نے بابر اعظم کی فارم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ رنز کر رہے ہیں اور امید ہے کہ بڑے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ مثالی نہیں رہا، تاہم ٹیم ماضی سے سبق سیکھ کر میدان میں اترے گی اور حریف کی مکمل پلیئنگ الیون کے لیے حکمت عملی تیار کی جا چکی ہے۔
بھارتی بیٹر ابھیشک شرما کے حوالے سے سوال پر سلمان علی آغا نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ جلد صحتیاب ہو کر اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتانی اضافی ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے، دباؤ بھی ہوتا ہے کیونکہ آپ ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ میدان میں بہترین کھیل پیش کیا جائے۔