حوثیوں کے میزائل حملے ناقابلِ قبول، پاکستان کا سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار

حوثیوں کے میزائل حملے ناقابلِ قبول، پاکستان کا سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار
کیپشن: حوثیوں کے میزائل حملے ناقابلِ قبول، پاکستان کا سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار

ویب ڈیسک: پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے ایسے اقدامات کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

عثمان جدون نے اس موقع پر یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے بھی پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حل صرف مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ یمن میں دیرپا امن ایک جامع اور تمام فریقوں کو ساتھ لے کر چلنے والے سیاسی عمل کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب بیلسٹک میزائل داغے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

واضح رہے کہ حوثیوں نے حال ہی میں صنعا ایئرپورٹ پر مبینہ فضائی حملوں کا الزام سعودی عرب پر عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس کارروائی کے نتائج برآمد ہوں گے۔

Watch Live Public News