30 روپے کی کمی کے بعد گھی مزید سستا کردیا گیا

30 روپے کی کمی کے بعد گھی مزید سستا کردیا گیا
کیپشن: Ghee new price
سورس: web desk

ویب ڈیسک:   چوہدری شافع حسین نے عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف دینے پر فیصلے کا خیر مقدم کیا، اپنے بیان میں کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ضروری اقدام کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان مانیٹرنگ وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء،سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین منیب منوں کی قیادت میں وفد نے خصوصی شرکت کی۔ 

اس موقع پرصوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ  گھی مینو فیکچرز نے پنجاب بھر میں گھی کی قیمتوں میں 15روپے فی کلوگرام کمی کا اعلان کیا،فیصلے کا اطلاق آج سے ہی ہوگا،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گھی مینو فیکچرز کی جانب سے ماہ مقدس میں گھی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ 

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے گھی مینو فیکچرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا کہ وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے لئے رمضان المبارک کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی فی کلو قیمت میں مزید 30 روپے کمی ہوئی ہے جس پر گھی فی کلو 365 روپے سے کم کر کے 335 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔