متنازع رن آؤٹ کے بعد سلمان علی آغا کاردعمل آگیا

متنازع رن آؤٹ کے بعد سلمان علی آغا کاردعمل آگیا
کیپشن: متنازع رن آؤٹ کے بعد سلمان علی آغا کاردعمل آگیا

ویب ڈیسک: پاکستان ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں متنازع رن آؤٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ مخالف کھلاڑی کی جگہ ہوتے تو شاید مختلف فیصلہ کرتے۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے آغا سلمان کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کر دیا تھا جس پر پاکستانی بلے باز نے میدان سے باہر جاتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

سابق پاکستانی کرکٹرز رمیز راجا اور حمد حفیظ نے بھی بنگلا دیشی کپتان کے اس اقدام کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا تھا، جبکہ اس واقعے کے بعد مہدی حسن میراز کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں آغا سلمان نے کہا کہ قانون کے مطابق یہ رن آؤٹ درست تھا، تاہم ان کے خیال میں اس موقع پر کھیل کی روح کو ترجیح دینی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں لگا تھا کہ گیند پیڈ اور بیٹ سے لگنے کے بعد مردہ ہو چکی ہے، اسی لیے وہ اسے مردہ سمجھ کر واپس بولر کو دینے کی کوشش کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر پاکستان نے 47 اعشاریہ 3 اوورز میں 274 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ جاری تھی کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔ بعد ازاں میچ دوبارہ شروع ہونے پر بنگلا دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم پوری ٹیم 23 اعشاریہ 3 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت 128 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

Watch Live Public News