ویب ڈیسک: گوگل میپس نے صارفین کے لیے سفر کو آسان بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت سے مزین نیا تھری ڈی فیچر متعارف کروا دیا ہے۔
اس جدید فیچر کی بدولت ڈرائیورز کو تھری ڈی تصاویر کے ذریعے راستوں کی بہتر سمجھ حاصل ہوگی، اور اے آئی کی مدد سے شاہراہوں کی شناخت اور راستے میں رکاوٹوں کی نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔
ساتھ ہی، ‘آسک میپس’ فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جو صارفین کے ساتھ بات چیت کے انداز میں کام کرے گا۔ یہ کم رش والے راستے تلاش کرنے، ایک سے زیادہ اسٹاپس کی منصوبہ بندی کرنے اور سفر سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل کے مطابق، نئے فیچر سے مسافر مقامی مقامات، مشہور جگہوں اور ریستوران کے بارے میں آسانی سے معلومات حاصل کر سکیں گے۔ یہ سسٹم دنیا بھر میں تقریباً 30 کروڑ مقامات اور 50 کروڑ صارفین کے ریویوز سے معلومات لے کر زیادہ درست اور ذاتی نوعیت کے نتائج دیتا ہے۔
گوگل میپس کی وائس پریزیڈینٹ کے مطابق یہ اپ ڈیٹ پلیٹ فارم کے لیے اہم قدم ہے، اور اب میپس ہر صارف کے لیے انفرادی انداز میں کام کرے گا، جس سے منصوبوں کو فوری طور پر عملی شکل دینا ممکن ہوگا۔