پیپلزپارٹی کا وزیراعظم آزادکشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد فوری جمع کرانے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کا وزیراعظم آزادکشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد فوری جمع کرانے کا فیصلہ
کیپشن: پیپلزپارٹی کا وزیراعظم آزادکشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد فوری جمع کرانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کے لیے پیپلز پارٹی ایک بار پھر سرگرم ہو گئی ہے اور باقاعدہ طور پر آج ہی تحریک جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اراکینِ اسمبلی کو فوری طور پر مظفرآباد پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ تحریکِ عدم اعتماد کی قرارداد پر اراکین کے دستخط مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ نئے قائدِ ایوان کا نام قرارداد جمع کراتے وقت تحریر کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اپنے اسٹاف سے الوداعی ملاقاتیں شروع کر دی ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

اطلاعات یہ بھی ہیں کہ مسلم لیگ (ن) تحریکِ عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی، اور قرارداد آج ہی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں حالیہ آئینی ترمیم کے باعث تحریکِ عدم اعتماد کی پیش رفت میں تاخیر ہوئی تھی۔

تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے سادہ اکثریت یعنی 27 ووٹ درکار ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اسے آزاد کشمیر اسمبلی کے 36 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

Watch Live Public News