ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ بنانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی کپتان اور ہیڈ کوچ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ سرفراز احمد ممکنہ طور پر اظہر محمود کی جگہ پہلی بار ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ وہ اس وقت قومی سلیکٹر بھی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ ٹیم میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم کو آئندہ بنگلا دیش، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہیں، جبکہ آخری سیریز جنوبی افریقا کے خلاف ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
دوسری جانب وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ہیں، ون ڈے ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا ہیں۔
لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ریڈ بال کیمپ بھی سرفراز احمد کی نگرانی میں ہو رہا ہے، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔