خاتون اول آصفہ بھٹو کا دورہ بحرین:ثقافتی تعاون کے فروغ پر زور

خاتون اول آصفہ بھٹو کا دورہ بحرین:ثقافتی تعاون کے فروغ پر زور
کیپشن: خاتون اول آصفہ بھٹو کا دورہ بحرین:ثقافتی تعاون کے فروغ پر زور

ویب ڈیسک: پاکستان کی خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں بحرین نیشنل میوزیم اور پرل میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں بحرین کی قدیم تہذیب، ثقافتی ورثے اور تاریخی اہمیت کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پر خاتونِ اول کے ہمراہ بحرین کی وزیرِ ہاؤسنگ و اربن پلاننگ اور وزیر اِن ویٹنگ، امنہ بنت احمد الرمیحی بھی موجود تھیں۔ میوزیم میں آمد پر ڈائریکٹر جنرل میوزیمز اینڈ کلچر، فرح محمد مطر، اور ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اینڈ پارٹنرشپس، ہانی علی بہزاد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو دونوں عجائب گھروں میں بحرین کی تاریخی جڑوں، تہذیبی ورثے اور سمندری طرزِ زندگی کی عالمی شہرت یافتہ روایات، خاص طور پر موتیوں کی غوطہ خوری کی تاریخ سے آگاہ کیا گیا۔

خاتونِ اول نے بحرینی حکام کی جانب سے دی گئی شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی ورثے کا تحفظ اور تاریخ کی حفاظت قوموں کی شناخت، یکجہتی اور آئندہ نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان ثقافتی سفارتکاری، میوزیم شراکت داری، تعلیمی تبادلوں اور آثارِ قدیمہ کے تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بحرین دونوں ممالک قدیم تہذیبی ورثے کے حامل ہیں، جہاں وادیٔ سندھ کی تہذیب اور بحرین کی دلمن تہذیب اہم تاریخی اہمیت کی حامل ہیں، اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں باہمی تعاون عوامی سطح پر روابط اور باہمی تفہیم کو مزید مضبوط کر سکتا ہے۔

Watch Live Public News