وفاقی حکومت کا پی ٹی وی ہوم کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا پی ٹی وی ہوم کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) وفاقی حکومت  نے پی ٹی وی ہوم کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  نے قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کی ذیلی کمیٹی کو بریفنگ دی۔وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بتایا کہ پی ٹی وی ہوم کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سفارشی اینکرز کو سرکاری ٹیلی ویژن سے نکال دیا گیا ہے، بہتر اینکرز آئیں گے تو ریٹنگ، اشتہارات بھی آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گھوسٹ ورکرز کے خاتمے کے لئے فنگر پرنٹ حاضری کا نظام متعارف کرایا ہے، نجی سپورٹس چینل آج بھی مجھ سے خوش نہیں ہیں،سرکاری ٹیلی ویژن کا بزنس پلان قائمہ کمیٹی کو پیش کر دیا جائے گا۔

اس دوران وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور پی پی پی رکن کمیٹی سحر کامران کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔رکن کمیٹی سحر کامران نے کہا کہ گزشتہ 3 برس میں پی ٹی وی میں 572 بھرتیاں کی گئیں۔

اس پر عطاء تارڑ نے سحر کامران سے کہا کہ بھرتیوں کے لیے آپ کی جماعت کی بہت سفارشیں ہیں۔

سحر کامران نے کہا کہ یہاں پارٹی کی بنیاد پر بات نہیں ہو رہی، خدشات کا اظہار کرنا ہمارا حق ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر زیادہ بات ہو گی تو ایوان صدر تک جائے گی،نگران دور حکومت میں زیادہ بھرتیاں کی گئیں۔

Watch Live Public News