ویب ڈیسک: بھارت میں ایک شخص نے بیوی سے طلاق لینے کی خوشی ایسے انوکھے انداز میں منائی کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست آسام میں پیش آیا، جہاں مانک علی نامی شخص نے 40 لیٹر دودھ سے نہا کر اپنی آزادی کا جشن منایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
عام طور پر طلاق کو ایک تکلیف دہ اور افسوسناک مرحلہ سمجھا جاتا ہے، مگر مانک علی نے اسے اپنی زندگی کی نجات قرار دیتے ہوئے کھلے عام جشن منایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مانک علی طویل عرصے سے اپنی بیوی کے رویے اور اس کے مبینہ آشنا سے تعلقات پر پریشان تھا۔ رپورٹس کے مطابق اس کی بیوی دو مرتبہ اپنے آشنا کے ساتھ فرار بھی ہو چکی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی۔
ویڈیو میں مانک علی کو خوشی سے دودھ انڈیلتے اور کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، "آج میں آزاد ہو گیا ہوں۔" اس نے مزید کہا کہ وہ اپنی فیملی کی عزت اور سکون کے لیے خاموش رہا، لیکن اب وہ خوش ہے کہ اُس نے ایک بوجھ سے نجات حاصل کر لی ہے۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر اس سے قبل بھی کئی ایسی ویڈیوز منظر عام پر آ چکی ہیں جن میں طلاق کے بعد مرد یا خواتین کو جشن مناتے دیکھا گیا ہے۔