(ویب ڈیسک )ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کردیا ۔
قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ ان کے لیے اپنے ملک کی عزت اور وقار سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے میچ ریفری کی تبدیل تک ایشیا کپ کے باقی میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا۔
پی سی بی نے ایشیا کپ کے میچ ریفری کو تبدیل کرنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھا تھا جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ میچ ریفری نے قوانین، قواعد و ضوابط اور کرکٹ کی بنیادی روح یعنی اسپرٹ آف دی گیم کو نظر انداز کیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے جان بوجھ کر اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں اور ان کا رویہ کھیل کے وقار کے خلاف تھا۔ خط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور ایم سی سی قوانین دونوں کی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
تنازع کا پس منظر
تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب ٹاس کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے صاف طور پر کہا کہ شیک ہینڈ نہیں ہوگا اور یہ لمحہ میڈیا پر ریکارڈ بھی نہ ہو۔ اس موقع پر پاکستان کے میڈیا منیجر کو بھی اس بات کی سختی سے تلقین کی گئی۔
میچ کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے اس رویے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ اینڈریو رسل نے جواب دیا کہ یہ ہدایات بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کی جانب سے آئی تھیں اور مزید کہا کہ دراصل یہ بھارتی حکومت کے دباؤ کا نتیجہ تھا۔