نوجوان کنگال،نجی کمپنی کروڑوں روپے لوٹ کر فرار

نوجوان کنگال،نجی کمپنی کروڑوں روپے لوٹ کر فرار
کیپشن: بیرون ملک جانے کےخواہشمند کئی نوجوان مبینہ فراڈ کا شکار

پبلک نیوز: کراچی میں روزگار کے حصول کیلئے بیرون ملک جانے کے خواہشمند کئی نوجوان مبینہ فراڈ کا شکار ہوگئے۔

تفصیلات کے  مطابق ڈیفنس فیز 8ذوالفقار کمرشل پر واقع نجی کمپنی کروڑوں روپے اینٹھ کر فرار  ہوگئی جبکہ 80 سے زائد متاثرہ نوجوان قانونی کارروائی کے لئے ساحل تھانے پہنچ گئے،متاثرہ نوجوانوں کی تعداد 80 کے قریب ہے،مجموعی طور پر 2 کروڑ سے زائد رقم جمع کرائی تھی۔

متاثرین نے الزام لگایا کہ گلوبیکس امیگریشن نامی کمپنی نے سعودیہ اور دبئی جانے کے لئے ہر نوجوان سےلاکھوں روپے وصول کئے،نجی فرم نے مختلف شعبوں میں ملازمت دینے کے لئے ہر نوجوان سے مختلف رقم لی،کسی نوجوان سے ڈھائی لاکھ ، کسی سے ساڑے تین لاکھ اور کسی سے پانچ لاکھ روپے بھی لئے۔

متاثرین نے الزام لگایا ہے کہ ہمارے اصل پاسپورٹ، تعلیمی اسناد ودیگر قیمتی دستاویزات نجی کمپنی کے پاس تھیں،آج ڈیفنس فیز8 میں واقع مذکورہ کمپنی پہنچے تو تالا لگا ہوا تھا، متاثرین نے مبینہ فراڈ میں ملوث کمپنی کے 2 ملازمین کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ متاثرین نے درخواستیں وصول کرلی ہیں۔