(ویب ڈیسک)مغربی تھائی لینڈ میں چھپکلی کی ایک نئی نسل دریافت ہوئی ہے، جس کا نام مشہور سیریز ’ہاؤس آف دی ڈریگن‘ کے کردار سے متاثر ہو کر ’ سائریکس‘ (Syrax) رکھا گیا ہے۔ سائریکس دراصل ملکہ رینیرا ٹارگیرین کا ڈریگن تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی نسل کو مے وونگ (Mae Wong) کے بلند پہاڑی علاقوں کے جنگلات میں دریافت کیا گیا۔ اس دریافت کی تفصیلات گزشتہ ماہ سائنسی جریدے ZooKeys میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہیں۔
محققین کے مطابق یہ چھپکلی ’ماؤنٹین ہارنڈ ڈریگنز‘ کہلانے والے گروہ سے تعلق رکھتی ہے۔ اس گروہ کی چھپکلیاں گردن اور پشت پر موجود نمایاں کانٹے دار ابھاروں کے باعث منفرد شناخت رکھتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق نئی نسل کا نام اس کے زردی مائل رنگ، نسبتاً چھوٹے جسم اور انڈوں کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اس نسل اور دیگر چھپے ہوئے جانداروں کی مکمل جغرافیائی تقسیم جاننے کے لیے شمالی اور مغربی تھائی لینڈ کے قریبی پہاڑی سلسلوں میں مزید تحقیق اور سروے کی ضرورت ہے۔