عماد وسیم کی نئی زندگی کا آغاز، نائلہ راجہ سے شادی کی تصدیق

عماد وسیم کی نئی زندگی کا آغاز، نائلہ راجہ سے شادی کی تصدیق

(ویب ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ شادی کی تصدیق کر دی ہے۔

انسٹاگرام پر جاری ایک تفصیلی بیان میں عماد وسیم نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی، سابقہ شادی اور حالیہ نکاح کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ 

انہوں نے کہا کہ ان کی ناکام شادی ان کی زندگی کے مشکل ترین مراحل میں سے ایک تھی، تاہم اسی رشتے سے انہیں اپنے بچوں جیسی قیمتی نعمت ملی، جن سے ان کی محبت ہمیشہ قائم رہے گی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ماضی کے رشتے کو بچانے کی کوشش میں ضرورت سے زیادہ دیر تک رکے رہے اور کچھ ایسے فیصلے بھی کیے جن پر انہیں افسوس ہے۔

عماد وسیم کے مطابق ان کی خاموشی اور تاخیر کی وجہ سے ایک بے گناہ شخص کو غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اب نائلہ راجہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں اور یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تاکہ سکون، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی نئی زندگی کا آغاز کیا جا سکے۔

 ان کا کہنا تھا کہ نائلہ نے ان کی زندگی میں اعتماد اور سکون پیدا کیا ہے اور وہ اپنے اس فیصلے پر مطمئن ہیں۔

عماد وسیم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی اولین ترجیح ان کے بچے ہیں، کوشش کے باوجود وہ اس وقت ان سے ملاقات نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بچوں کی زندگی میں مثبت اور فعال کردار ادا کریں گے۔

آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے اور ذاتی معاملات کو غیر ضروری بحث کا موضوع نہ بنایا جائے۔

Watch Live Public News