ویب ڈیسک: پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز شادی کے بندھن میں بندھ گئے، جس کے بعد تقریباً 10 سالہ رفاقت نئے رشتے میں تبدیل ہوگئی۔
رونالڈو اور جارجینا کی شادی کی تقریب پرتگال میں سادگی سے منعقد ہوئی، جس میں دونوں کے قریبی اہل خانہ اور ان کے پانچ بچے بھی شریک ہوئے۔
شادی کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر اپنی اور جارجینا کے ہاتھوں کی تصویر شیئر کی، جس میں دونوں کی شادی کی انگوٹھیاں نمایاں تھیں۔ تصویر کے ذریعے فٹبال اسٹار نے مداحوں کو اپنی زندگی کے نئے سفر سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ رونالڈو اور جارجینا کی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی، جب جارجینا ایک معروف فیشن برانڈ کے اسٹور پر کام کرتی تھیں۔ وقت کے ساتھ دونوں کی دوستی محبت میں بدل گئی اور تقریباً ایک دہائی تک قائم رہی۔
جوڑے کے پانچ بچے ہیں۔ دونوں نے 2025 میں منگنی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد رونالڈو کے مداح طویل عرصے سے ان کی شادی کے منتظر تھے۔