(ویب ڈیسک ) اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد یمن کے حوثیوں نے اسرائیل کیخلاف عسکری کارروائیاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس بات کا اعلان کرتے ہوئے یمن کے حوثی رہنماؤں نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔
ترجمان حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کا احترام کریں گے اور مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ تاہم یہ اسرائیل پر منحصر ہے کہ وہ کتنے عرصے تک خود کو محفوظ رکھ پاتا ہے اور ایسا وہ معاہدے کے مندرجات پر عمل کرکے کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ حوثیوں نے اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے یمن سے اسرائیلی سرزمین پر کئی میزائل اور ڈرون برسائے تھے۔انہوں نے امریکا، اسرائیل اور مغربی ممالک کے بحری مال بردار جہازوں کو بھی نشانہ بنایا تاکہ غزہ میں جارحیت کو رکوایا جا سکے۔