ویب ڈیسک: کم چالان کرنے پر ٹریفک وارڈنز پر عائد جرمانوں کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ متاثرہ وارڈن احسن شاہ نے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وارڈن احسن شاہ نے سی ٹی او راولپنڈی، انسپکٹر ناصر جدون، انچارج چالان برانچ سمیت دیگر افسران کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ۔
نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر 15 چالان کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے۔بد انتظامی،غفلت اور ڈیوٹی کی خلاف ورزی ثابت کیے بغیر جرمانہ عائد کیا گیا۔افسران کی جانب سے کارروائی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
نوٹس کے متن کے مطابق افسران کے رویے نے غیر قانونی دباؤ اور ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا۔ افسران کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی چالان کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔یہ طرز عمل اختیارات کے ناجائز استعمال، اور آئین کے آرٹیکل 4 اور 14 کی خلاف ورزی ہے۔ افسران قانونی نوٹس کا 7 دن کے اندر جواب جمع کروائیں۔
واضح رہے کہ سی ٹی او راولپنڈی نے 61 ٹریفک وارڈنز کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 22 ہزار روپے جرمانہ عائد کر رکھا ہے۔