(ویب ڈیسک )محمد شکیل خان : 17 سے 20 جولائی تک سنگا پور میں ہونے والےآئی سی سی سالانہ اجلاس میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اجلاس میں لاس اینجلس اولمپکس 2028کے کوالیفائی کرنے کا طریقہ کا ر، ایشیا کپ کا معاملہ اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق اولمپکس کے لئے رینکنگ کی بجائے نئے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا امکان زور پکڑتا جارہا ہے۔ٹی ٹونٹی کوالیفکیشن ٹورنامنٹ طے کرے گی کہ اولمپکس میں کونسی ٹیمیں شریک ہوں گی۔کوالیفائرز ٹورنامنٹ کی تجویز سنجیدگی سے زیرغور ہے۔ اولمپکس کے کچھ کھیلوں میں رینکنگ اور کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا استعمال ہورہا ہے۔
رپور ٹ کے مطابق میزبان ہونے کے ناطے امریکا کو براہ راست کوالیفائی کرنے کی جگہ مل سکتی ہے۔ آئی سی سی اجلاس کے سائیڈ لائن پر ایشیا کپ کا معاملہ بھی زیربحث آسکتاہے۔ جس میں ایشیاکپ کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانےکی حمایت بڑھ رہی ہے،ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ٹیموں کی تعداد 24 کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔
اجلاس میں ٹیسٹ کرکٹ میں ٹوڈویژن فارمیٹ پر بات چیت ، یو ایس اے کرکٹ بورڈ کے معطلی پر فیصلہ ہونے کاامکان ہے۔ آئی سی سی کے شرائط پرپورا نہ اترنے پر یوایس اے کرکٹ کی رکنیت معطل کر دی جائےگی۔
ذرائع کے مطابق ایگزیکٹوکی میٹنگ میں سی او او پی سی بی سمیر احمد سید جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیئر مین پی سی بی محسن نقوی کی شرکت کا امکان ہے۔