ویب ڈیسک: امریکا کی جانب سے ایران پر تازہ حملوں کے بعد آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی توانائی کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 85.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 80.02 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور ممکنہ رکاوٹوں کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ رہی ہے، کیونکہ دنیا کی تیل کی ایک بڑی مقدار اسی اہم بحری گزرگاہ کے ذریعے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ انہی خدشات کے پیش نظر رواں ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خلیجی ممالک سے خام تیل کی برآمدات طویل عرصے تک متاثر رہیں یا سپلائی میں نمایاں کمی واقع ہوئی تو برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔