نوشکی:دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکا،5افرادجاں بحق

نوشکی:دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکا،5افرادجاں بحق
کیپشن: نوشکی:دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکا،5افرادجاں بحق

ویب ڈیسک: نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 25زخمی ہوگئے۔

 تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہناہے کہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے نوشکی میں دالبندین روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 2زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کرانی روڈ پر پولیس موبائل کے قریب بھی دھماکا ہوا ہے جس میں ایک اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب تھا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نےنوشکی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس  کیا اور جاں بحق افراد کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

شہبازشریف نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعاء اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوشکی دالبندین روڈ پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک دشمن وطن عزیز میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی 

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی، عوام کے جان و مال سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔

 ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند 

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

شاہد رند نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں، بے گناہ افراد کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ عمل ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، دہشت گردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔

عبدالعلیم خان 

نوشکی  شاہراہ پر دھماکے پر صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی  کا مقصد شہریوں کو خوفزدہ کرنا اور ترقی کا پہیہ روکناہے،ملک دشمن عناصر تخریبی کاروائیوں سے مذموم مقاصد حاصل نہیں کر سکتے، پاک فوج اور سیکورٹی ادارے دہشت گردوں کی سرکوبی جاری رکھیں گے،معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں،اللہ تعالٰی مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔

Watch Live Public News