اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق خاتون کے اہل خانہ اور 11 زخمی افراد سے اظہار ہمدردی کیا ہے، وزیراعظم نے ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے اور وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام صوبے امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری لائیں، امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے لئے وفاق اور صوبوں میں اشتراک عمل موثر بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،وزیراعظم نے وزیر اعلی سندھ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدیات کی۔ وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔