محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سخت ہدایات جاری

محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سخت ہدایات جاری
کیپشن: محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سخت ہدایات جاری

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر قانونی امیگریشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بغیر درست سفری دستاویزات کسی بھی مسافر کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی اور وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین نے لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں دونوں وزراء تقریباً دو گھنٹے تک موجود رہے اور امیگریشن عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز پر رش دیکھ کر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایات دیں کہ مسافروں کے پراسیس کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ وزراء نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے گفتگو بھی کی اور امیگریشن کے تجربے سے متعلق سوالات کیے، جبکہ سالک حسین نے سفری دستاویزات پر پروٹیکٹ اسٹیکرز کی جانچ پڑتال بھی کی۔

دورے کے دوران ایک نوجوان کو ڈرائیور کی ملازمت کے لیے بیرون ملک سفر کرنا تھا، تاہم ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر اسے روک دیا گیا۔ وزیر سالک حسین نے اس معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ پروٹیکٹ کے تحت مسافروں کی ملازمت سے متعلق دستاویزات کی مکمل تصدیق کی جائے۔

رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے اہلکار کی مبینہ ملی بھگت سے ایک اور مسافر کو امیگریشن کاؤنٹر پر روکا گیا تھا، تاہم وزراء نے آف لوڈ کیے گئے مسافر کو بھری گئی رقم واپس دلانے کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مستعدی دکھانے والے امیگریشن اہلکاروں کو بلا کر شاباش دی، اپنی جیب سے انعام دیا اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے واضح کیا کہ ضروری سفری دستاویزات کے بغیر کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ غیر قانونی امیگریشن میں ملوث کسی بھی مسافر یا سرکاری اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Watch Live Public News