آسٹریلیا کی سوئمنگ اسٹار آریارنےٹٹمس کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیا کی سوئمنگ اسٹار آریارنےٹٹمس کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان
کیپشن: آسٹریلیا کی سوئمنگ اسٹار آریارنےٹٹمس کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک: آسٹریلیا کی نامور تیراک اور چار مرتبہ کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ آریارنے ٹٹمس نے محض 25 سال کی عمر میں سوئمنگ سے ریٹائرمنٹ کا حیران کن اعلان کر دیا، جس نے مداحوں اور کھیلوں کی دنیا کو سکتے میں ڈال دیا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آریارنے ٹٹمس، جنہوں نے گزشتہ دو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ رقم کی، نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ’’میں نے اپنی زندگی کے 18 سال سوئمنگ کے لیے وقف کیے اور گزشتہ 10 برس اپنے ملک کے لیے مقابلے کیے۔ یہ ایک مشکل مگر پُرسکون فیصلہ ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں ہمیشہ سوئمنگ سے محبت کرتی رہی ہوں، مگر ایک وقت ایسا آتا ہے جب انسان کو اپنی زندگی کے دوسرے پہلوؤں پر بھی نظر ڈالنی پڑتی ہے۔ میرے لیے کینسر کا خوف ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ اس نے مجھے دماغی طور پر متاثر کیا اور میں نے محسوس کیا کہ اب زندگی کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا وقت آگیا ہے۔‘‘

خیال رہے کہ پیرس اولمپکس سے قبل آریارنے ٹٹمس کو کینسر کے ٹیومر کی سرجری سے گزرنا پڑا تھا، جس کے بعد انہوں نے زبردست حوصلہ دکھاتے ہوئے مقابلوں میں حصہ لیا اور اپنی فٹنس سے سب کو متاثر کیا۔

آریارنے ٹٹمس 1964 کے بعد پہلی آسٹریلوی سوئمر تھیں جنہوں نے ایک ہی ایونٹ میں لگاتار دو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے پیرس اولمپکس میں دو سابقہ عالمی ریکارڈ ہولڈرز کو شکست دے کر 400 میٹر فری اسٹائل میں گولڈ اپنے نام کیا۔

ٹٹمس نے ٹوکیو اور پیرس اولمپکس کے دوران مجموعی طور پر 8 تمغے حاصل کیے، جن میں چار طلائی، تین چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ شامل ہے۔ وہ 200 اور 400 میٹر فری اسٹائل کی ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بھی ہیں۔

ان کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد آسٹریلوی سوئمنگ فیڈریشن اور دنیا بھر کے شائقین نے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آریارنے ٹٹمس نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی سوئمنگ کی تاریخ میں سنہری نقوش چھوڑے ہیں۔

Watch Live Public News