ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 384 روپے 34 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 415 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
اوگرا کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 10 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 16 ستمبر سے ہوگا۔
اس سے ایک روز قبل بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
فیول ریلیف اسکیم
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول سبسڈی ریلیف کے حصول کے لیے رجسٹریشن میں درکار ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پیٹرول سبسڈی ریلیف کے لیے رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت کی۔
حکومت کی جانب سے موٹرسائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اسلام آباد میں فیول سبسڈی اسکیم کا آغاز 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے کیا گیا ہے۔