فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی صدرمسعودپزشکیان سے اہم ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی صدرمسعودپزشکیان سے اہم ملاقات
کیپشن: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی صدرمسعودپزشکیان سے اہم ملاقات

ویب ڈیسک: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جسے خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ ملاقات ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق پیش رفت اور باہمی رضامندی کے حوالے سے بھی نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔

ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور مسائل کے سفارتی حل سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعرات کے روز تہران میں مصروف دن گزارا، جہاں انہوں نے ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد قالیباف سے بھی ملاقات کی۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس ملاقات میں جنگ بندی، جاری کشیدگی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دورۂ ایران کے دوران فیلڈ مارشل نے خاتم الانبیا کے کمانڈر کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقات کی، جس میں سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے ایک روز قبل انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر عباس عراقچی نے مذاکراتی عمل کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مزید بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس اہم دورے میں فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں، جہاں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Watch Live Public News